ضلع پاکپتن کی ہمہ جہت ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں؛ ایم پی اے پیر کاشف چشتی

18

پاکپتن، 14 مئی(اے پی پی): ایم پی اے پیر کاشف چشتی نے کہا ہے کہ ضلع کی ہمہ جہت ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،شہری اور دیہاتی علاقوں میں یکساں ترقی کیلئے ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے، لوگوں کو ریلیف اور آسانی کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔

 یہ باتیں انہوں نے ڈسٹرکٹ کوارڈینشین کمیٹی کے بلائے گئے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں یہ منصوبے پائیداری اور سہولت کے آئینہ دار ہونے چاہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے آبادی کی ضروریات کے مطابق تشکیل دیے جائیں اور اس انداز میں شروع کیے جائیں جو مستقبل کی ضروریات کو پورا کرسکیں۔

 ڈی ڈی ڈویلپمنٹ بلال شوکت نے اجلاس کو نئے و جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کو ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت، فنڈز کی فراہمی اور مکمل کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

 اجلاس میں مستقبل قریب میں شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں اور ان کی افادیت، علاقائی ضرورت اور عوام کیلئے ان منصوبوں کی سہولت اور افادیت کے معاملات بھی زیر غور آئے۔

اجلاس میں ایم این اے و ایم پی اے کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

سورس:وی  این ایس،  پاکپتن