عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے انتظامیہ بھر پور اقدامات کر رہی ہے،مصنوعی قلت اور مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائےگی، ڈپٹی کمشنر

5

اوکاڑہ،11مئی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے انتظامیہ بھر پور اقدامات کر رہی ہے تاجر حضرات اس سلسلہ میں تعاون کریں،ضلع میں اشیائے خورونوش کی مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا گیا ہے اور کہا  دکاندار اپنی دکانوں اور ریڑھیوں پر نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں رکھیں مصنوعی قلت کا تاثر پیدا کر کے مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ تاجروں کی مشاورت اور صحیح اعداد و شمار کے بعد ضلع میں اشیائے ضروریہ کے نرخ طے کرتی ہے جس پر ہر صورت عمل در آمد کروایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں تاجر تنظیموں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا ہے عوام کا مفاد ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اس سلسلہ میں کسی سے کوئی زیادتی نہیں کی جائے گی لیکن خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔ مارکیٹوں میں سرکاری قیمتوں کے اطلاق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت شہباز اختر کو سبزی و فروٹ منڈیوں میں پھلوں و سبزیوں کی دوسرے اضلاع سے آمد اور یہاں سے دوسرے شہروں میں سپلائی کی صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں میں اپنی موجود گی کا احساس دلائیں۔