مظفرگڑھ،28مئی (اے پی پی): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ طارق ولایت نے شہریوں کی آسانی کے لیے تھانہ صدر کوٹ ادو میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ مختلف علاقوں سے آئے ہوئے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے احکامات جاری کیے۔
کھلی کچہری میں صحافیوں ، ممبران امن کمیٹی، معزز شہریوں اور بڑی تعداد میں سائلین نے شرکت کی، 45 کے قریب شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے فوری احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کا کہنا تھا کہ پولیس اور عوام میں فاصلے کم کرنے کے لئے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جاتا ہے، لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر جا کر حل کرنا میری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ ایک بڑا ضلع ہے، لوگوں کو دور دراز سے سفر کرکے دفتر پولیس آنا پڑتا ہے، جس کے لیے مختلف تھانوں میں کھلی کچہریوں کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے،جہاں پر میں خود جا کر لوگوں کے مسائل حل کروں گا۔اگر تھانے میں ایس ایچ او یا کسی آفیسر سے شکایت ہے تو میرے دفتر کے دروازے تمام سائلین کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔
کھلی کچہری میں ڈی ایس پی کوٹ ادو مسعود جاوید اور ڈی ایس پی لیگل محمد خالد شاہ کے ساتھ سرکل کے تمام ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔











