ملتان، 02 مئی (اے پی پی): ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب ڈاکٹر احسان صادق نے جنوبی پنجاب میں شراب کی تیاری،فروخت پر کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے اس سلسلہ میں پولیس نے شراب کی 50 چالو بھٹیوں کی نشاندہی کے بعد کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اورجنوبی پنجاب میں شراب تیاراور فروخت کرنے والے 2 سو ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کا کہناہے کہ انسانی جان کے دشمن کسی رعایت کے مستحق نہیں انہیں کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ون ویلنگ کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے، عید کے ایام میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ون ویلنگ کو سختی سے روکا جا رہا ہے، اس دوران ون ویلنگ پر پانچ روز سے قبل رہائی نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ والدین بھی اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور انہیں موٹر سائیکل نہ دیں کیونکہ ون ویلنگ جان لیوا یا معذوری کا باعث بن سکتی ہے۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب نے کہا کہ ہوائی فائرنگ بھی قابل گرفت جرم ہے،ہوائی فائرنگ کرنے والے سیدھے جیل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ضابطہ کام کرنے پر جنوبی پنجاب کے چھ ڈی ایس پیز کو کلوز کر دیا گیا ہے کیونکہ پولیس بھی قانون اور ضابطہ کے تحت کام کرنے کی پابند ہے، پیشہ ورانہ امور میں کسی قسم کی کوتاہی یا بددیانتی ناقابلِ معافی ہے۔











