ملتان : بوسن روڈ،نشتر روڈ،کے ایف سی روڈ اور گول باغ روڈ سمیت 5 شاہرائیں ماڈل قرار،ڈی سی نے ٹریفک سگنلز کی تنصیب کے احکامات جاری کردیئے

41

ملتان 26 مئی (اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ ٹریفک مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات پر گامزن،ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے ٹریفک سگنلز کی تنصیب کے احکامات جاری کردیئے اور بوسن روڈ،نشتر روڈ،کے ایف سی روڈ اور گول باغ روڈ سمیت 5 شاہرائیں ماڈل قرار دے دیں۔

ڈپٹی کمشنر کی صدارت میں ٹریفک پولیس،میونسپل کارپوریشن اور ایم ڈی اے  کا اجلاس ہوا۔انہوں نے کہا کہ 5 مرکزی چوکوں پر اشاروں کی تنصیب کیلئے ورکنگ کا آغاز کیا جارہا ہے، سروس روڈز اور چوکوں کی کشادگی کے حوالے سے ٹیکنکل سروے کرایا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یوٹرن اور ری انجنئیرنگ کے ذریعے بوسن روڈ پر ٹریفک کا دباؤ کم کیا جائے گا اور  نواں شہر،ایس پی چوک،کچہری چوک،وہاڑی چوک،بوسن روڈ چوک پر ڈیجیٹل اشارے لگیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایم ڈی اے،میونسپل کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ورکنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

طاہر وٹو نے کہا  کہ ٹریفک پولیس کے خصوصی سکواڈ رش کے اوقات میں چوکوں کو کلئیر کرائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بس و ویگن اڈوں کو شہر سے باہر منتقل کرکے ٹریفک دباؤ کم کیا جائے ۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ عمیر محمود نے بریفننگ دی۔