وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرنجے بین حیسین کی ملاقات ، بلوچستان حکومت کی ترقیاتی پالیسی پر اعتماد کا اظہار

1

کوئٹہ،20 مئی(اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نجے بین حیسین نے اپنی ٹیکنیکل ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی۔ملاقات میں بلوچستان کے سماجی ومعاشی شعبہ میں عالمی بینک کے جاری اور مجوزہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا  گیا ۔ عالمی بینک  نے بلوچستان حکومت کی ترقیاتی پالیسی پر اعتماد کا اظہار کیا اور  بلوچستان کے پانی،زراعت ،توانائی اور انسانی وسائل کے شعبوں کی ترقی کیلئے  معاونت میں اضافے پر رضامندی کا اظہار کیا۔

 اس موقع پر نجے بین حیسین نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کیلئے گرانٹ کے طور پر فنڈز کی فراہمی اور تکنیکی معاونت میں اضافہ کا سنجیدگی سے جائزہ  لیا جائے  گا اور عالمی بینک دیگر ترقیاتی شراکت داروں اور ڈونرز کو بھی بلوچستان کی ترقی میں معاونت کی فراہمی کی جانب راغب کریگا۔

 اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ہم بلوچستان کی ترقی میں معاونت میں اضافے اور جاری منصوبوں پر عالمی بینک کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی معاونت میں اضافے کا خیر مقدم کرتے ہیں  اور صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر اعلی نے کہا کہ ہمارے صوبے کے وسائل کم اور پسماندگی زیادہ ہیں، ہمیں بنیادی ڈھانچہ کو مضبوط بنانے  کیلئے  وسائل کی ضرورت ہے،عالمی بینک قرضوں کے مارک اپ میں کمی کرے اور قرضوں کی بجاۓ بلوچستان کو گرانٹ دی جاۓ۔ انہوں  نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ،انسانی وسائل کی ترقی ،تعلیم و فنی تربیت ،روزگار،پانی ،زراعت اور توانائی کے شعبوں کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔