راجہ ریاض احمد  قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مقرر

5

اسلام آباد،20مئی  (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے رکن راجہ ریاض احمد کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مقرر کر دیا گیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ان کی بطور قائد حزب اختلاف تقرری کی درخواست کی منظوری دے دی ہے۔

 سپیکر نے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط و طریقہ کار 2007 کے قاعدہ 39 کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے راجہ ریاض احمد کو قائد حزب اختلاف مقرر کیا ہے۔ قائد حزب اختلاف کیلئے درخواستوں کی وصولی کا مقررہ وقت جمعہ کو تین بجے تک کا تھا۔ پی ٹی آئی کے راجہ ریاض احمد اور جے ڈی اے کے غوث بخش مہر نے قائد حزب اختلاف کے منصب  کیلئے درخواستیں جمع کرائیں۔

 راجہ ریاض احمد کی درخواست پر 16 اپوزیشن ارکان جبکہ غوث بخش خان مہر کی درخواست پر 6 ارکان کے دستخط موجود تھے۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے قواعد و ضوابط کے تحت حزب اختلاف کے اراکین کی اکثریت کی حمایت حاصل ہونے پر راجہ ریاض احمد کو بطور قائد حزب اختلاف مقرر کیا ہے۔