وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی مئی کے آخری ہفتے تک بی آر ٹی کراچی اورینج لائن مکمل کرنے کی ہدایت

9

کراچی، 10مئی (اے پی پی ): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ مئی کے آخری ہفتے تک بی آر ٹی کراچی اورینج لائن مکمل کی جائے اور روٹ پر بسیں چلئی جائیں۔

یہ ہدایات وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے منگل کو یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ میں بی آر ٹیز کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے اجلاس کو بتایا کہ انہوں نے افسران سے بی آر ٹی اورینج لائن پر بریفنگ لی ہے، اورینج لائن کا کچھ سول ورکس رہتا ہے، 20 بسوں کے لیے ایس آئی ڈی سی ایل کو ادائیگی کی جاچکی ہے، بی آر ٹی اورینج لائن 3.8 کلومیٹر کا کوریڈور ہے،کوریڈور پر 5 بس اسٹیشنز ہیں ،اس کے 2 بس وے ہیں،اورینج لائن کا کوریڈور ٹی ایم اے اورنگی سے کے ڈی اے راﺅنڈ اباﺅٹ نارتھ ناظم آباد تک ہے۔

 اجلاس کو مزید آگاہی دیتے ہوئے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ انفرااسٹرکچر کا کمپوننٹ 95 فیصد مکمل ہے، کوریڈور پر 8 گیٹ ہیں جو کچھ دنوں میں لگ جائیں گے ۔

 اجلاس میں وزیر اعلی سندھ کے مشیر مرتضی وہاب ، چیف سیکریٹری ، چیئر مین پی اینڈ ڈی ، سیکریٹری خزانہ ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ ، وزیراعلی سندھ کے اسپیشل سیکریٹری اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔