۔2014 میں دھرنوں کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ مؤخر نہ ہوتا تو آج یہ منصوبہ مکمل ہو چکا ہوتا، وزیراعظم شہباز شریف کی کروٹ ہائیڈرو پاور پلانٹ کے ورکرز اور چینی میڈیا سے گفتگو

15

 

اسلام آباد۔25مئی  (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کو کروٹ ہائیڈرو پاور پلانٹ کے دورہ کے موقع پر ورکرز اور چینی میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2014 میں دھرنوں کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ مؤخر نہ ہوتا تو آج یہ منصوبہ مکمل ہو چکا ہوتا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ 2015ء میں چینی صدر شی جن پنگ اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا، اس منصوبہ سے 720 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر دور اندیش لیڈر ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکومت کے پاس حزب اختلاف کو دیوار سے لگانے، معاشرے میں تقسیم پیدا کرنے اور دشنام طرازی کیلئے بہت وقت ہے لیکن مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کو کنٹرول کرنے کیلئے ان کے پاس وقت نہیں تھا، سابق وزیراعظم نے اس منصوبے کا دورہ تک نہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آئینی طریقہ سے ہماری حکومت اقتدار میں آئی ہے اور مختصر وقت میں ہم نے معاشی اہمیت کے منصوبوں پر توجہ دی ہے اور آج اس منصوبہ کا دورہ کرنے کیلئے یہاں آیا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنی کے ذمہ داران اور انجینئرز نے یقین دلایا ہے کہ یہ منصوبہ جلد مکمل طور پر کام شروع کر دے گا اور نیشنل گرڈ کو 720 میگاواٹ بجلی فراہم کرے گا،