سکھر،28مئی(اے پی پی): فاقی محتسب اعلیٰ اعجاز احمد قریشی کی ہدایات پر وفاقی محتسب ریجنل آفس کے کنسلٹنٹ میجر ریٹائرڈ سید محمد علی منعم نے ہفتہ کو ٹاؤن ہال پنو عاقل میں وفاقی محکموں کے خلاف شکایات سنیں، جس میں سیپکو پنو عاقل کے افسران اور عملے نے شرکت کی،کافی تعداد میں آئے ہوئے سیپکو کے خلاف درخواست گزار بھی پیش ہوئے اور اپنے مسائل پیش کیے جس میں اوور ریڈنگ، ڈڈکشن بل لگنے کے شکایات تھیں۔
کنسلٹنٹ وفاقی محتسب ریجنل آفس میجر ریٹائرڈ سید محمد علی نے موصول شکایات کا جائزہ لیا اور 40سے زائد شکایات کا فیصلہ سنایا اور سیپکو اتھارٹیز کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ 30 دن کے اندر ان کے اوور بلنگ اور دیگر مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات کرتے ہوئے، شکایا ت کے فیصلوں پر عملدرآمد کرایا جائے گا بصورت دیگر عمل نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ افسر کا کیس وفاقی محتسب کو بھیجا جائے گا اور ذمہ واروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کا عزم ہے کہ غریب عوام کو فوری انصاف مہیا کیا جائے۔











