اسلام آباد،27جون (اے پی پی):وفاقی وزیرمنصوبہ بندی ، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے پیر کو کنونشن سنٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کے لئے خصوصی فنڈز فراہم کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2022 پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کا سال ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ملک کا ترقیاتی بجٹ آخری کوارٹر میں صفر کر دیا گیا ہے کیونکہ وزارت خزانہ نے صاف انکار کردیا ہے کہ ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں،افسوس کی بات ہے کہ جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ایٹمی دھماکے کئے تھے پوری دنیا سے پاکستان پر پابندیاں لگی تھیں پھر بھی ہم نے ترقیاتی بجٹ پر خصوصی توجہ دی اور اس طرح کے حالات نہ بنے مگر سابق نااہل حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی معیشت کو مسائل سے دوچار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو دلدل سے نکالنے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں تمام اتحادی جماعتوں نے یہ ذمہ داری اپنے کندھوں پر لی ہے اور پاکستان کو اس معاشی چیلنج سے نکالنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔











