لاہور24جون ( اے پی پی )صوبائی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ حمزہ شہبا ز کی قیادت میں پنجاب حکومت نے سول سوسائٹی کی تجاویز کی روشنی میں ایک ایسا نیا بلدیاتی نظام دیاہے جس سے پاکستان میں جمہوریت کی بنیادیں مضبوط ہوں گی اور صحیح معنوں میں اقتدار اور اختیار عوام کو منتقل ہو گا۔ 2019ء اور 2021ء کے قوانین کو جس طریقے سے متعارف کروایا گیا اس پر جمہوریت پسندوں کو شدید تحفظات تھے۔ یہ قوانین سول سوسائٹی، سیاسی جماعتوں یا متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کیے بغیر غیر جمہوری انداز میں متعارف کرائے گئے۔ جبکہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022ء سٹیک ہولڈرز کے ساتھ وسیع مشاورت اور عام لوگوں سے موصول ہونے والے تاثرات کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار آج 90شاہرہ قائد اعظم پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزراء ملک احمد خان اور عطا ء اللہ تارڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر نے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022ء کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 5بڑے شہروں لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور راولپنڈی جبکہ 4ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز سرگودھا بہاولپور، ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان میں 9میٹرو پولیٹن کارپویشنز ہوں گی جبکہ 14نئی میونسپل کارپوریشنز بنائی جائیں گی۔ 234میونسپل کمیٹیاں اور 20ہزار سے اڑھائی لاکھ کے درمیان تمام شہر آزاد شہر ہوں گے۔ایکٹ کے تحت پنجاب کے دیہی علاقوں کیلئے بنیادی میونسپل کاموں کو انجام دینے کیلئے تحصیل کونسلوں کو بحال کیا گیا ہے۔











