لاہور، جون 21(اے پی پی): سیکرٹری صنعت و تجارت پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے منگل کو کہا کہ پنجاب حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی او آر میں پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (پی بی آئی ٹی) کے زیر اہتمام سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین فہد بن محمد الباش کی قیادت میں اعلی سطح کے سعودی تجارتی وفد کے اعزاز میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ایک اچھی اور توانا افرادی قوت موجود ہے جس سے پاکستان اور سعودی عرب اپنے کاروبار میں استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “ہمارے پاس 500 سے زائد ادارے ہیں جو نوجوانوں کو فنی تعلیم فراہم کر رہے ہیں اور حال ہی میں حکومت نے نوجوانوں کو ہنر اور فنی تعلیم فراہم کرنے کے لیے پنجاب میں تین ٹیکنیکل یونیورسٹیاں قائم کی ہیں”۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اسپیشل اکنامک زون کا رقبہ 10,000 ایکڑ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ 1000 ایکڑ سے زائد رقبہ اب بھی کاروبار کے لیے دستیاب ہے اس لیے سعودی تاجر پنجاب میں اپنے کاروبار کو بڑھانے کے لیے اس جگہ کو استعمال کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فہد الباش نے کہا کہ یہ تاریخی دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سے تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے جو پائیدار اقتصادی ترقی کے باہمی ہدف کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے اور پنجاب حکومت کے ماحول کو سرمایہ کاری کے لیے سازگار بنانے کے اقدامات کا اعتراف کیا ہے۔
سعودی تجارتی وفد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے مقصد سے پنجاب کے 3 روزہ دورے پر ہے۔ وفد فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ اور پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (PIEDMC) جیسی ممکنہ جگہوں کا بھی دورہ کرے گا۔











