لاہور ،جون 21(اے پی ث): وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے عید الاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر ” دلکش مری ” پراجیکٹ شروع کرنے کی ہدایت دیدی ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت مری ڈویلپمنٹ اینڈ امپرومنٹ پلان پر پیشرفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس ہوا ، اجلاس میں سیکرٹری سیاحت عمران گورایہ ، سیکرٹری ہاؤسنگ، سیکرٹری تعمیرات ومواصلات ،سیکرٹری اطلاعات،ڈی جی ریسکیو1122 اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی ۔کمشنر راولپنڈی ڈویژن، آر پی او راولپنڈی،سی پی او، ڈپٹی کمشنر،سی ٹی او اور دیگر متعلقہ حکام وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے
وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیاحت کے سیزن میں مری کے ہوٹلوں کے کرائے کا تعین کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کرائے کا تعین ہونے سے سفید پوش طبقے کو ریلیف مل سکے گا، مری میں ٹریل موٹر بائیک ایمبولینس چلانے کا جائزہ لے کر حتمی پلان پیش کیا جائے۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز نے ٹورازم پولیس کی استعداد کار بڑھانے کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ ریسکیو 1122 کے تعاون سے ٹورازم پولیس کی پروفیشنل ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے، ٹورازم پولیس کوہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے پیشہ وارانہ ٹریننگ دی جائے، مری آنے والی ٹریفک کو کیمروں کےذریعے ہر لمحہ مانیٹر کیا جائے
حمزہ شہباز نے موثر مینجمنٹ کے ذریعے ٹریفک رواں دواں رکھنے کے جامع پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے ، مری سمیت سیاحتی مقامات پر سہولتیں بہتر بنانے ، مری کے دیہات میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کا سسٹم وضع کرنے کی ہدایات دیں ۔وزیراعلیٰ نے املاک میں آتشزدگی کے واقعات کا سدباب کرنے کیلئے فائر سیفٹی پلان طلب کرلیا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ مری کی 34کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیرو مرمت مکمل ہوچکی ہے، کلڈنہ چوک کو ری ڈیزائن کر کے وسیع کیا جارہا ہے، سڑکوں کی لینڈ مارکنگ اورسائن بورڈ کی تنصیب کا کام مکمل ہوچکا ہے، مری کی سڑکوں کے اطراف میں دکانوں کو یونیورسل شکل دی جائے گی۔











