فیصل آباد، 14 جون (اے پی پی):سینئر جنرل منیجر یو ٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان عنایت اللہ دولہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر یو ٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان نے سبسڈائز گھی، سستا آٹا اور چینی کی صارفین کو شفاف فراہمی کیلئے چیک اینڈ بیلنس کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ڈیجیٹل نظام متعارف کروا دیا ہے۔صارفین کو صرف ایک دفعہ رجسٹریشن کرانا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد کے دورہ کے دوران ریاض شاہد چوک یوٹیلٹی سٹور کی برانچ کے وزٹ کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزڈ سسٹم کے تحت بیلنس کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ڈیجیٹل نظام متعارف کروایا گیا ہے۔ ڈیجیٹلائزڈ سسٹم کے تحت صارف قومی شناختی کارڈ اور موبائل فون نمبر کے ذریعے شفاف انداز سے سبسڈی حاصل کر سکتے ہیں۔ سبسڈائز اشیا کی خریداری کرنے والا شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر اور موبائل نمبر بل کیلئے لکھوائے گا جو سٹور کا عملہ اپنے سسٹم میں درج کرے گا جس کے چند سیکنڈ کے بعد صارف کے موبائل نمبر پر یو ٹیلیٹی سٹورز سسٹم سے ایک کوڈ بھیجا جائے گا، وہ کوڈ یو ٹیلیٹی سٹور کے عملے کو دکھائے گا جس کے بعد بل کی ادائیگی ہو سکے گی۔ ملک بھر کے یو ٹیلیٹی سٹورز کو پوائنٹ آف سیلز سے منسلک کر دیا گیا۔ صرف پہلی بار خریدار کیلئے شناختی کارڈ لانا لازمی ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر یو ٹیلیٹی سٹورز پر گھی کی قیمت میں 250 روپے کمی کردی گئی ہے جو اب300 روپے کلو جبکہ عام مارکیٹ میں 540 سے 560 روپے تک مل رہا ہے اسی طرح چینی 70روپے جو بازار میں 90 روپے جبکہ 10 کلو آٹا کا تھیلا 400 روپے اور 20 کلو کا800 روپے میں مل رہا ہے جس کی عام مارکیٹ میں قیمت 1300 روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبسڈائز اشیا سمیت دیگر اشیا بھی ملک بھر کے یو ٹیلیٹی سٹورز پر وافر مقدار میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں یو ٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے آٹے کی قیمت 400 روپے فی دس کلو گرام فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے جبکہ 200 کے قریب موبائل یوٹیلٹی سٹورز کے یونٹس بھی شامل کیے گئے ہیں جن کے ذریعے وہاں کی عوام کیلئے سستا آٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز کے اضافی پوائنٹس بھی آٹے کی ترسیل کیلئے مختص کیے گئے ہیں۔











