شکر گڑھ؛ قلندر حسین قلندر کا 3 روزہ عرس، ہزاروں  زائرین کی کنواں کے دودھ سے  تواضع

24

شکرگڑھ،08 جون  ( اے پی پی) :  شکرگڑھ کے نواحی گاؤں بڑا پنڈ جرپال میں بابا جی قلندر حسین قلندر کے عرس پر دودھ کا کنواں چلایا جا رہا ہے، پستہ باداموں سے تیار کردہ انتہائی لذیذ دودھ  سے عرس پر آنے والے ہزاروں  زائرین کی تواضع کی جا رہی ہے ۔

شکر گڑھ کے نواحی علاقے بڑا پنڈ جرپال میں بابا  قلندر حسین قلندر کے 3 روزہ عرس کی تقریبات منعقد ہوئیں، میلے کی خاص بات یہ ہے کہ آنے والے زائرین کے لئے دودھ کا کنواں چلایا جا رہا  ہے ۔کنویں میں 15 ٹن سے زائد دودھ ڈالا جاتا  ہے  اور پھر دودھ میں بادام، پستہ اور لذیذہ میوہ جات ڈالے جاتے ہیں،ایک ٹن سے زیادہ  چینی  ڈال کر شریں کیا جاتا ہے ، اور برف ڈال کر اس گرم موسم میں ٹھنڈا کیا جاتا  ہے ۔

دودھ کو کنویں سے نکالنے کے لئے خوبصورت ڈاچی(اونٹنی) کا استعمال کیا جاتا  ہے ، ڈاچی کنویں کے گرد گھومتی  ہے ، تو ساتھ ساتھ لذیز اور مزیدار ٹھنڈا دودھ کنویں سے باہر آتا  ہے  اور پھر اس کو آنے والے ہزاروں زائرین میں تقسیم کر دیا جاتا  ہے ۔

بابا  قلندر حسین قلندر  کے  عرس  پر  سترہ سال سے عقیدت مند خاندان کی جانب سے یہ سلسلہ جاری ہے اور آنے والے زائرین کو  خوب سیری تک دودھ پلایا جاتا  ہے ۔آنے  والے زائرین نے اس  دودھ کے کنویں کو پاکستان کا منفرد کنواں  قرار دیا  ہے ۔