ملتان؛نشتر میڈیکل کالج سے گریجوایشن کرنے والے ڈاکٹرز کے لیے ہاؤس جاب کے انٹرویوز کا مرحلہ مکمل،318 ڈاکٹرز کو  مختلف شعبہ جات الاٹ

25

ملتان، یکم جون (اے پی پی ): نشتر میڈیکل کالج سے گریجوایشن کرنے والے ڈاکٹرز کے لیے ہاؤس جاب کے انٹرویوز کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، انٹرویوز  چیئر پرسن شعبہ امراض نسواں نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی  کی سربراہی میں منعقد ہوئے ۔

نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے حیات ظفر آڈیٹوریم میں منعقدہ ان انٹرویوز میں 318 ڈاکٹرز کو انٹرویوز کے بعد مختلف شعبہ جات الاٹ کیے گئے ہیں اور انہیں فوری طور پر متعلقہ شعبوں میں رپورٹ کر نے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 نشتر میڈیکل کالج کے گریجوایٹ نے پر امن اور صاف شفاف انٹرویوز کے انعقاد پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد، پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین، پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی اور ایم ایس نشتر ہسپتال ملتان ڈاکٹر عامر قیوم خان سمیت دیگر انتظامی افسران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اظہار تشکر کیا ہے۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج سمیت نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔