ملتان، 22جون(اے پی پی):بارشوں کے باعث شاہراہوں کے ڈیوائڈرز اور فٹ پاتھوں کے ساتھ جم جانیوالی مٹی کو ہٹانے کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے، ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے مٹی اٹھانے کے لئے سکریپنگ شروع کردی ہے۔تمام سڑکوں کے ڈیوائڈرز، گرین بیلٹس اور فٹ پاتھ کے ساتھ جمع ہونے والی مٹی کو کھرچ کراٹھایا جارہا ہے۔پانی کی نکاسی کے لئے سڑکوں کے کلورٹ سے بھی کچرا اور مٹی کو ہٹایا جارہا ہے۔اس کے علاوہ گلی محلوں میں صفائی کا عمل بھی تیز کردیا گیا ہے۔
کمپنی کے سی ای او محمدفاروق ڈوگر نے موٹر سائیکل پرمختلف رہائشی کالونیوں کا دورہ کیا۔انہوں نے جناح ٹاون، مدینہ کالونی،اعوان ٹاون،وقاص ٹاون،گرین ٹاون،گلشن مدینہ،سلمان آباد،کوٹلہ وارث شاہ اور صدیق آباد میں صفائی کا جائزہ لیا اور شہریوں سے بات چیت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی ای او محمدفاروق ڈوگر نے کہا کہ محدود مشینری اور افرادی قوت کے باوجود شہر میں صفائی کے نظام کو مربوط بنادیا گیاہے۔انہوں نے بتایا کہ صفائی کے نظام میں بہتری کے لئے پلان پر عمل کیا جارہا ہے اور مشینری کی خریداری اور افرادی قوت کی بھرتی کے لئے قانونی تقاضے پورے کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ انفرا سٹرکچر اور ہیومن ریورس بارے مختلف فورمز سے حتمی منظوری کے بعد شہر میں صفائی کا نظام مثالی بنادیا جائے گا۔
اس موقع پر شہریوں نے صفائی میں بہتری لانے کے لئے کمپنی انتظامیہ کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔











