ہرنائی،22جون(اے پی پی): ہرنائی وگردنواح اور پہاڑی سلسلوں میں گزشتہ دو دنوں سے واقفے واقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ، بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی سے ہرنائی پنچاب شاہراہ ٹریفک کی آمدورفت کیلئے مکمل بند ہو گئی ہے، ندی نالوں میں اونچے درجے کے سیلابی ریلوں نے مختلف حفاظتی بندات کو بھی نقصانات پہنچایا ہے۔
محلہ غریب آباد ،کلی لعل خان، محلہ اخترآباد ودیگر علاقے سیلاب کی زد میں ہیں۔ سیلابی ریلوں کے خطرے کے باعث مختلف دیہاتوں کے لوگوں نے رات بھر بندات پر گزاری اور مطالبہ کیا کہ ہنگامی بنیادوں پر بندات اور سیلابی ریلوں کے محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔
گزشتہ روزہرنائی کے علاقےاسپین تنگی سہڑی میں سیلابی ریلہ دو خواتین سمیت ایک بچی کو بہا کر لے گیا تھا، مقامی لوگوں نے اپنی مددآپ کے تحت بچی کی لاش کو تلاش کر لیا ہے تاہم سیلابی ریلے میں بہہ جانے والی دو خواتین کی تلاش جاری ہے۔











