ملتان۔21جون (اے پی پی):سیکٹر کمانڈر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس رانا محمد اسماعیل نے کہا ہے کہ انسپکٹر جنرل خالد محمود کی ہدایت پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈرائیونگ لائسنس پرڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم نافذ کرے گی۔اس قانون کے مطابق جب ڈ ی میرٹ پوائنٹس دو سال کے اندر 20 سے تجاوز کر جائیں گے تو متعلقہ ڈرائیونگ لائسنس معطل کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی شروع کردہ نومورمہم کا ایک حصہ ہے، جس کے تحت ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے جیسا کہ جدید آلات سے لیس سپاٹرز ،جدید سپیڈ چیکنگ کیمروں، ڈرونز، باڈی وارن کیمروں کا نظام متعارف کرایا گیا ہے یہ سسٹم ملک بھر کے تمام اضلاع کے 80 لاکھ سے زائد ڈرائیونگ لائسنسز کے قومی ڈرائیونگ لائسنس ڈیٹا بیس پر انحصار کرے گا۔مختلف خلاف ورزیوں کے لیے ڈی میرٹ پوائنٹس کی وضاحت نیشنل ہائی ویز سیفٹی آرڈیننس 2000 شیڈول 11 میں کی گئی ہے۔نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس افسران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے سابقہ چالانوں کا ریکارڈ قومی شناختی کارڈ، موبائل نمبر یا لائسنس نمبر کے ذریعے حاصل کرسکیں گے۔رانااسماعیل نے کہاکہ اس نظام کے ذریعے موٹرویز اور ہائی ویز پر قوانین کی خلاف ورزیوں کو موثر انداز میں کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم کو نافذ کرنے کا مقصد نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے قوانین کے یکساں اور موثر نفاذ کے طریقہ کار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کرنا ہے تاکہ ہماری قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پایا جا سکے اور حادثات کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔











