لاہور، 9 جون (اے پی پی ): چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمدعبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ پاک سعودی دوستی اور تعلقات کوہ ہمالیہ سے بھی بلند ہے، سعودی عرب نے پاکستان کی ہر مشکل گھڑی میں دل کھول کر ساتھ دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں پاک سعودی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مولاناسید محمد عبدالخبیر آزاد نے سعودی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بار سعودی حکومت حج کے حوالے سے مثالی انتظامات کر رہی ہے جو کہ خراج تحسین کے لائق ہے۔
مولاناسید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ حرمین شریفین کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے اور ہمارے ایمان کا حصہ ہے،سعودی عرب کا استحکام اور سلامتی پاکستان کا استحکام اور سلامتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم سب کو چاہیے کہ ہم اپنے درمیان وحدت اور اتحادکو پیدا کریں اور ایک اُمہ بن کر دنیا کے سامنے آئیں۔
سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان ایک جسم کی مانند ہیں اور ہم پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔انہوں نے مولانا سیدمحمدعبدالخبیر آزاد کی رؤیت ہلال اور دنیا بھرمیں مذہبی ہم آہنگی اور اتحادو وحدت کے حوالے سے خدمات کو سراہا۔
اس موقع پر مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کو”پیغام پاکستان“ بیانیہ بھی پیش کیا۔











