لاہور،1جون (اے پی پی):صوبائی وزیر عطا تارڑ نے بدھ کو یہاں کابینہ اجلاس کےبعد پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ پولیس افسران کے خلاف پرچے درج کرنے کی درخواستیں قابل قبول نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس افسران کے خلاف مقدمات کے اندراج کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں اور کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام پولیس افسران کو بہترین قانونی معاونت فراہم کی جائے گی ۔
صوبائی وزیر نے بتایا کابینہ اجلاس میں لانگ مارچ کے دورانِ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ اس کے علاوہ آئی جی پنجاب ، آر پی اوز ، ڈی پی اوز اور پولیس اہلکاروں کو درست انداز میں فرائض سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا گیا ۔ وزیر اعلی پنجاب اور کابینہ اپنے افسران اور سپاہ کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے ۔ کابینہ اجلاس میں لانگ مارچ کے دوران شہید اہلکاروں کی ہر ممکن مدد کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔











