ٹو بہ ٹیک سنگھ ، 24 جون (اے پی پی): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ رانا شعیب محمود کی زیر صدارت ڈی پی او آفس ٹوبہ میں انجمن تاجران کے عہدیداران اور وکلاء سے میٹنگ منعقد ہوئی میٹنگ میں ضلع بھر سے انجمن تاجران اور ڈسٹرکٹ و تحصیل بارکے عہدیداران نے شرکت کی۔
ڈی پی او ٹوبہ رانا شعیب محمود نے میٹنگ کے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہااس موقع پر ڈی پی او ٹوبہ کا کہنا تھا کہ وکلاء اور تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔تاجر ان اور وکلاء معاشرے کا اہم طبقہ ہیں جو کہ جرائم کی روک تھام اور ملزمان کے خلاف اہم کردارادا کر سکتے ہیں آپ کے مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔آپ کی نشاندہی پر جرائم کے خلاف فوری کاروائی کی جائے گی۔ منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے گی اس موقع پر انجمن تاجران اور وکلاء عہدیداران کا کہنا تھا کہ آپ کا بازو بن کر کام کریں گے جرائم کے خاتمے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے ہم سب معاشرے کی اصلاح اور امن وا مان کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
میٹنگ میں عید الاضحی کے موقع پر حکومت کی طرف سے جاری احکامات پر عمل درآمد کروانے کے سلسلہ میں بھی گفت و شنید ہوئی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر ڈی پی او ٹوبہ نے انجمن تاجران کے عہدیداران سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر بازاروں میں رش ہوتا ہے آپ حضرات عید الاضحی کے موقع لوگوں کے جان و مال کے تحفظ اورحکومت کی طرف سے جاری ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں تا کہ عوام الناس کے تحفظ کو یقینی بنایاجا سکے۔











