کوہاٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گیس سلنڈروں سے 451 کلوگرام اور 12 کلو گرام افیون برآمد کرلی ۔

20

پشاور، 13جون{اے پی پی}: کوہاٹ پولیس نے بین الصوبائی منشیات سمگلر نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایل پی جی گیس کی آڑ میں کروڑوں مالیت کی چرس اور افیون سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ کوہاٹ ہنگو روڈ پر ناکہ بندی کی کارروائی میں ایل پی جی گیس سلنڈروں میں مہارت سے چھپائی گئی 451 کلو گرام چرس اور 12 کلو گرام افیون برآمد کرکے بین الصوبائی منشیات سمگلر کو گاڑی سمیت گرفتار کر لیا گیا ہے. کروڑوں روپے مالیت کی چرس اور افیون کی بھاری کھیپ ایل پی جی گیس کے دھاتی سلنڈروں میں بڑی مہارت سے چھپا کر پنجاب سمگل کی جارہی تھی. گیس سلنڈروں کی آڑ میں منشیات سے بھری گاڑی سمیت پکڑے گئے ملزم کے خلاف تھانہ سٹی میں نارکوٹیکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے.

ڈی ایس پی سٹی سرکل کوہاٹ سادات خان نے ایس ایچ او تھانہ سٹی امجد حسین، تفتیشی افسر محمد اقبال اور انچارج چوکی تحصیل گیٹ واحد اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی پی او کوہاٹ محمد سلیمان کی منشیات کے خلاف وضع کردہ پالیسی کے تحت ضلع بھر میں منشیات کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کامیابی سے جاری ہے جسکے تسلسل میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایس ایچ او سٹی امجد حسین اور انکی پولیس ٹیم نے کوہاٹ ہنگو روڈ پر سٹی پھاٹک کے قریب ناکہ بندی کرکے گاڑیوں کی چیکنگ شروع کر رکھی تھی کہ اس اثنا میں ہنگو کی طرف سے کوہاٹ شہر میں داخل ہونے والی ایک مشکوک پک اپ گاڑی نمبر پشاور JA_1135 کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا.

 پولیس نے تلاشی کے دوران پک اپ گاڑی میں لدے آہنی گیس سلنڈروں میں نہایت مہارت سے چھپائی گئی مجموعی طور پر 451 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور 12 کلو گرام افیون برآمد کر کے گاڑی میں سوار منشیات کے بین الصوبائی نیٹ ورک کے ایک اہم رکن زاوار علی ولد یوسف حسین سکنہ شلوزان پاڑا چنار کرم کو گرفتار کر لیا.

ڈی ایس پی سٹی سادات خان نے اس کاروائی ک بارے میڈیا کو بتایا کہ کوہاٹ کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی اس پہلی، انوکھی اور کامیاب کارروائی کے نتیجے میں منشیات سے بھری گاڑی سمیت پکڑے گئے ملزم کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور عدالت سے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرکے مزید تفتیش کیلئے انوسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کر دیا گیا ہے.

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی پوچھ گچھ میں ملزم نے پکڑی گئی چرس اور افیون کرم سے ملک کے مختلف شہروں کو منتقل کرنے کا اعتراف جرم کر لیا ہے اور ان سے دوران تفتیش مزید بھی اہم انکشافات متوقع ہیں.