کے فور پراجیکٹ کراچی شہر کے لئے لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے، منصوبے سے شہر میں پینے کے پانی کی فراہمی کا اہم مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی؛ وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ

17

 

اسلام آباد،9جون  (اے پی پی): وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے  کہ کے فور پراجیکٹ کراچی شہر کے لئے لائف لائن کی حیثیت رکھتا ہے۔ جس سے شہر میں پینے کے پانی کی فراہمی کا اہم مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی۔

ان خیالات کا  اظہار  انہوں نے   جمعرات کو  یہاں  کراچی واٹر سپلائی سکیم۔ کے فور پراجیکٹ کے پہلے مرحلے کی تعمیرکیلئے  98 ارب 50کروڑ روپے مالیت کے تین معاہدوں  پر  دستخطوں کی تقریب سے خطاب میں کیا۔وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ  نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ آج نہایت اہم دِن ہے اور اُمید ہے کہ کے فور منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہوگا۔

چیئرمین واپڈا نوید اصغر چوہدری، ممبر (واٹر) واپڈا جاوید لطیف، ممبر (پاور) واپڈا جمیل اختر، کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندے بھی اِس موقع پر موجود تھے۔ واپڈا کی جانب سے جنرل منیجر (پراجیکٹس) ساؤتھ / پراجیکٹ ڈائریکٹرکے فور عامر مغل اور کنٹریکٹ حاصل کرنے والی تعمیراتی کمپنیوں کے مجاز نمائندوں نے معاہدوں کے مسودوں پر دستخط کئے۔