کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہم سب کو مشترکہ طور پر بھر پور عملی اقدامات کو یقینی بنانا ہو گا؛عبدالقادر پٹیل

9

اسلام آباد،22جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے بھر پور عملی اقدامات کئے جارہے ہیں، اس سے نمٹنے کیلئے ہم سب کو مشترکہ طور پر بھر پور عملی اقدامات کو یقینی بنانا ہو گا۔

سن خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں این آئی ایچ میں کورونا کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کو کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ملک بھر میں کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لیا گیا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ملک کی 85 فیصد اہل آبادی کی کورونا ویکسینیشن مکمل ہو چکی  ہے ۔وزیر صحت نے اس ٹارگٹ کے حصول پر متعلقہ اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پچھلے چند دنوں میں کورونا کے کیسز میں معمولی اضافے کے بعد صورت حال کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی  ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ   کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے حوالے سے صورتحال کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے اور اس وائرس سے بچاو کیلئے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبے مل کر کر عوام کو کورونا وائرس سے بچائو کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنارہے ہیں ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بھر میں ویکسینیشن اور ٹیسٹنگ نظام کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ تعاون کیلئے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہم سب کو مشترکہ طور بھر پور عملی اقدامات کو یقینی بنانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے حوالے سے مویشی منڈیوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام اور صوبوں کے ہیلتھ سیکرٹریز اور نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔