لاہور، 22 جولائی ( اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ امن و امان خراب کرنے کی کوشش ہوئی تو سختی سے نمٹیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی شب ماڈل ٹائون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور مسلم لیگ(ن)کے رہنما طلال چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور اتحادی چوہدری شجاعت حسین کی جہوریت کیلئے دی جانے والی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، وہ ایک تجربہ کار سیاست دان ہیں۔انہوں نے عمران خان کے تکبر انہ فیصلوں کو بھانپ لیا تھا اور انہوں نے اس فتنے اور فسادی ٹولے کو انجام تک پہنچانے کیلئے ہمارا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کو تکبر،غرور اور فرعونیت پسند نہیں،آج قوم کو ایک ناسور کی شناخت ہوگئی ہے ۔
رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ شیخ رشید گزشتہ دوماہ سے غائب تھے جو 17جولائی کو ضمنی انتخابات کے بعد نمودار ہوئے جو کل سے پھر غائب ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا ملک میں کسی کو فتنہ فساد پھیلانے کی اجازت نہیں اور اس حوالے سے عدلیہ کو بھی اپنا اہم کردار ادا کرنا ہوگا ، ان فسادیوں کی سازش کوسمجھنا ہوگا۔











