لاہور، 22 جولائی ( اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب میں سیاسی عدم استحکام کا مقصد پنجاب کی ترقی کو نیست ونابود کرنا ہے، عمران خان نے چار برسوں میں پاکستان کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان معاشی عدم استحکام کا شکار ہےہمیں ملکر میثاق معیشت لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کو تباہ کر دیا اب ملک کو بند گلی میں دھکیل دیا ان کے دور حکومت میں ہی کشمیر کا سودا ہوا،تحریک انصاف نے بھارت کو کشمیر پلیٹ میں رکھ کر دے دیا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ آپ کی خودداری اس وقت کہاں تھی جب آپ نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا۔ اس معاہدے کو اب عوام بھگت رہے ہیں، عمران خان نے پاکستان کی بنیادوں اور معیشت کو کھوکھلا کر دیا مسلم لیگ ن آپ کا مقابلہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب، خیبرپختونخواہ اور پاکستان کو آپ کے چنگل سے آزاد کروائیں گے۔











