برساتی پانی کی نکاسی کے لئے تمام ضروری انتظامات مکمل کئے جائیں؛ ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد تاشفین عالم

15

 

نوشہرو فیروز،05 جولائی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد تاشفین عالم نے کہا ہے کہ  محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں مون سون کی  شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اس لئے  برساتی پانی کی نکاسی کے لئے  تمام ضروری انتظامات مکمل کئے جائیں۔

   ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد تاشفین عالم نے  منگل کو یہاں  اپنے دفتر میں ممکنہ بارشوں کی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ مون سون کی ممکنہ بارشوں کے دوران عوام کو سہولیات پہنچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ  کے افسران برساتی پانی کی نکاسی کے لئے تمام پمپنگ اسٹیشنوں کو فعال حالت میں رکھے ، بجلی نہ ہونے کی صورت میں متبال انتظامات کے طور پر جنریٹر اور ایندھن کا انتظام کیا جائے۔

   ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ  حالیہ بارشوں کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، اس کنٹرول روم کے فوکل پرسن ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ٹو) سید عمار حسین ہوں گے جب کہ تمام تحصیلوں کی سطح پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں کنٹرول روم قائم کئے جائیں جس میں محکمہ پبلک ہیلتھ ،محکمہ آبپاشی، محکمہ صحت ، لائیو اسٹاک اور ٹاؤن انتظامیہ کے افسران اوردیگر متعلقہ افسران ممبر ہوں گے۔انہوں نے  محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدایت کی کہ  نہروں کی نگرانی پر مقرر عملے کو الرٹ رکھیں۔

 ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو ہدایت کی کہ تمام مراکز صحت پر ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل عملے اور ادویات کا انتظام کریں، بارشوں کے بعد موسمی حالات اور ملیریا سے نمٹنے کے لئے  مطلوبہ ادویات کا انتظام کریں۔انہوں نے  تمام اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے تعلقوں کے ڈسپوزل کا معائنہ کریں اور غیر فعال ڈسپوزل کی رپورٹ جمع کرائیں۔ٹاؤن افسران شہروں میں برساتی پانی کی نکاسی کے لئے تمام عملے کو الرٹ کریں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اسداللہ کلہوڑو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید عمار حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک  ڈاکٹر اکرم راؤ،  ایکسین آپریشن اینڈ مینٹیننس  پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ نظیر احمداور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے ۔