پی اے ایف ائیر مین اکیڈمی میں ایرواپرنٹسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد

32

 

کراچی ،05جولائی  (اے پی پی):پی اے ایف ائیر مین اکیڈمی کورنگی کریک میں ایرو اپرنٹسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔

پی اے ایف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ائیر مارشل وقاص احمد سلہری، چیف پراجیکٹ ڈائریکٹر جے ایف – 17، اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ قبل ازیں مہمانِ خصوصی کی آمد پر ائیر وائس مارشل زبیر حسن خان، ائیر آفیسر کمانڈنگ ’پی اے اے کے’نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔ اتحادی ممالک اور پاک بحریہ کے ٹرینیز سمیت مجموعی طور 1601 ایرو اپرنٹسز نے اپنی تربیت کامیابی سے مکمل کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ جدید جنگی حکمتِ عملی وسیع اور پیچیدہ طرزِعمل ہے، جو علم اور جدیدیت کا مرہونِ منت ہے۔اس کے ساتھ ہی ہم سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایجادات اور اختراعات پر مبنی پیچیدہ اورغیرمعمولی چیلنجوں کا سامنا کررہےہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں پیشہ ورانہ اور تکنیکی مہارت کے ذریعے ان مسا ئل پر قابو پانے کے لیے خود کو تیار کرنا ہوگا۔

 مہمان خصوصی نےکامیابی سے ہمکنار ہونے والے ٹرینیز کو مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مزید براں انہوں نے تربیت کے مقاصد کے حصول کے لیے اکیڈمی کی انتظامیہ اور تدریسی عملے کی مخلصانہ کاو شوں اور لگن کو بھی سراہا ۔مہمانِ خصوصی نےاعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹرینیزمیں ٹرافیا ں بھی تقسیم کیں۔ ایروناٹکس میں بہترین کارکردگی پراصغر خان ٹرافی اے سی دانش لیاقت کو دی گئی۔ ایوی آنکس ٹیکنالوجی میں بہترین کارکردگی پرنورخان ٹرافی ایرو الیکٹرومیک ٹیکنیشن – II ارسلان لطیف کو دی گئی۔ اکیڈمی سارجنٹ ائیر کرافٹ مین اویس عابد کو جنرل سروس ٹریننگ میں بہترین کارکردگی پر ائیر آفیسر کمانڈنگ ٹرافی سے نوازا گیا جبکہ بنگلا دیش ائیر فورس سے تعلق رکھنے والے کاپل اکرم حسین بہترین کارکردگی پربیسٹ فارن ٹرافی کےحقدار ٹہرے۔ مجموعی طور پربہترین کارکردگی پر چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی اے سی عبدالقدوس کو عطا کی گئی۔