سعودی حکومت نے حج کے حوالے سے بہترین انتظامات کئے ہیں، عید الاضحیٰ پر غرباء اور مساکین کا خصوصی خیال رکھا جائے؛حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

13

اسلام آباد،5جولائی  (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کی اجازت کے بغیر کوئی پاکستانی حج کے لئے نہ جائے، عازمین حج کسی غیر ضروری سرگرمی میں حصہ نہ لیں، عید پر غرباء، مستحقین اور عزیز و اقارب کا خصوصی خیال رکھا جائے، تاجر منافع خوری و ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں،مسلح افواج اور قوم نے دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے، سعودی حکومت نے حج کے حوالے سے بہترین انتظامات کئے ہیں۔

 منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی سعودی حکومت کی اجازت کے بغیر حج کے لئے نہ جائیں، اگر وہ وہاں پکڑے جاتے ہیں یا گرفتار ہو جاتے ہیں تو ان کے اہل خانہ کے لئے پریشانی کا باعث بنتا ہے، سفارتخانے، قونصلیٹ اور حکومت کے لئے بھی مسائل بنتے ہیں، کل سے حج کے ایام شروع ہو جائیں گے، کل سے حجاج کرام منیٰ جانا شروع کر دیں گے، جمعہ کے روز تمام حجاج کرام میدان عرفات میں جمع ہونا ہے۔ انہوں نے تمام عازمین حج سے درخواست کی کہ وہ کسی قسم کی فرقہ ورانہ، سیاسی بحث مباحثے یا کسی سرگرمی میں حصہ نہ لیں، اس حوالے سے مفتیان فتویٰ دے چکے ہیں اس لئے احتیاط کی جائے۔

 حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ قربانی کرنا ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے، صاحب نصاب افراد سے اپیل ہے کہ   عید الاضحیٰ پر قربانی کے موقع پر غرباء، مساکین، محلہ داروں اور رشتے داروں جو قربانی نہیں کر رہے، کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ مصنوعی مہنگائی پر کنٹرول کیا جائے، ذخیرہ اندوزی اور مہنگائی شرعاً جائز نہیں ہے، ان کے لئے بہت سی وعیدیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان کی فوج اور قوم کل بھی ایک تھی اور آج بھی ایک ہے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار سے زائد جانوں کی قربانی دی، ملک کی فوج اور قوم نے جس طرح مل کر دہشت گردی اور انتہا پسندی کا مقابلہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کو ایک میثاق پاکستان کی ضرورت ہے، پاکستان کی تمام مذہبی، سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر میثاق پاکستان کریں جو معیشت، معاشرت، انتہا پسندی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کے لئے ہو تو ایک سال کے اندر پاکستان میں دوست اسلامی ممالک سے اتنی سرمایہ کاری آ سکتی ہے کہ ہم اپنے قدموں پر کھڑے ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا میں کانفرنس کے دوران ملائیشیا کے وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مل کر معیشت میں آگے بڑھنے کا پیغام دیا ہے، ہمیں اپنے سیاسی، مذہبی اختلافات کو بھلا کر ملک و قوم کے لئے آگے بڑھنا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہونے والے انتخابات میں پاکستان علماء کونسل نے مختلف نشستوں پر وہاں پر اپنے ساتھیوں کو اجازت دی ہے، وہ مقامی سطح پر تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ علماء بورڈ اور پاکستان علماء کونسل نے پیغام پاکستان کی روشنی میں ابھی سے محرم الحرام کی تیاری شروع کر دی ہے، تمام مکاتب فکر کے ساتھ رابطے میں ہیں، حج کے فوراً بعد ضابطہ اخلاق قوم کے سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قربانی اللہ تعالیٰ کے لئے ہے نہ کہ ریا کاری کے لئے ہے۔ انہوں نے حج کے لئے بہترین انتظامات پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔