سپریم کورٹ کے جس فیصلے پر تحریک انصاف نے خوشیاں منائیں وہ ہی ان کے آڑے آیا؛  رانا ثناء اللہ

20

لاہور،23جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے جس فیصلے پر تحریک انصاف نے خوشیاں منائیں وہ ہی ان کے آڑے آیا، عمران خان قوم کو تقسیم اور نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے ایجنڈے پر گامزن ہے،الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ فی الفور کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ہفتہ  کو  یہاں   میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم عدلیہ سمیت تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں مگر گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کے سامنے جو بدامنی کا مظاہرہ کیا گیا اور دیواریں پھلانگی گئیں،اس سے سپریم کورٹ کی بلڈنگ کی توہین ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عدلیہ سمیت تمام اداروں کا احترام کرتی ہے اور ہماری چیف جسٹس آف پاکستان سے گزارش ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سیاسی مقدمات کی شنوائی کیلئے سپریم کورٹ کا فل بینچ تشکیل دیا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کیخلاف الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کا فیصلہ طویل عرصہ سے زیر التواء ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن  فوری طور پر اس فیصلے کو  جاری کرے۔انہوں  نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے گزشتہ چند دنوں سے منفی پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں پیسوں سے خرید وفروخت کی گئی اور چالیس، چالیس کروڑ روپے تک پیسے دیئے گئے ہیں،یہ تحریک انصاف کا جھوٹا بیانیہ تھا اور انہوں نے قوم کو گمراہ کیا ہے، اب میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ وہ بتائیں کہ کس نے پیسے دیئے اور کس نے لئے۔انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ہم سب کیلئے قابل احترام ہیں اور ہم ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف عمران خان نے غیر پارلیمانی زبان استعمال کی ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ کی طرف سے دیئے گئے حکم کی تعمیل کی اور پنجاب اسمبلی میں ضمنی انتخاب کے بعد دوبارہ ووٹ کرائے جس میں ڈپٹی سپیکر کے فیصلے کے مطابق حمزہ شہباز کو 176 کے مقابلے میں 179 ووٹ ملے اور وہ پنجاب کے وزیر اعلی منتخب ہوئے۔

رانا ثناء اللہ نے کہاکہ 63 اے کے فیصلہ پر رائے دینا میرا حق ہے کیونکہ ہم اس فیصلہ سے متاثر ہوئے، 25 اراکین نا اہل ہوئے اور پنجاب میں 20 نشتوں پر ضمنی انتخابات ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ 63 اے کی ہی وجہ سے حمزہ شہباز کو دوبارہ انتخابات کی طرف جانا پڑا ہے،اب اگر اسی فیصلہ سے دوسری پارٹی متاثر ہورہی ہے تو اس کی کوئی اور تشریح نہیں کی جاسکتی ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ملک میں کسی کو بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں ہے جو بھی انتشار پھیلائے گا اس کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا،اس حوالے سے ہم نے ایف سی اور رینجر کو الرٹ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بول کر پوری قوم اور خاص طور پر نوجوان نسل کے ذہنوں کو خراب کر رہے ہیں، ہمیں نوجوان نسل کی دوبارہ ذہن سازی کرنی ہے۔