لاہور،23جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان قومی اداروں کو دباؤ میں لاتے ہیں پھر اپنا فیصلہ لینے کی کوشش کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں ماڈل ٹاون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان جب بھی سیاست میں مات کھاتے ہیں تو سپریم کورٹ اور اداروں کو ملوث کرکے بیل آوٹ لینے کی کوشش کرنا شروع کر دیتے ہیں ۔پہلے سوشل میڈیا کے زریعے کردارکشی کی جاتی ہے پھر مرضی کا فیصلہ لینے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کاانتظامی بحران عمران خان نے خود پیدا کیا عمران نیازی توہین عدالت کرے تو اسے کوئی نہیں پوچھتا آخر عمران خان نے کونسی سلیمانی ٹوپی پہن رکھی ہے۔ہم تو توہین عدالت میں نااہل ہوجاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدالتی کارروائی کا سامنا کرتے ہیں جبکہ عمران خان سات سال سے سپریم کورٹ اورالیکشن کمیشن سے فارن فنڈنگ کیس میں آزاد پھر رہا ہے۔











