ملتان، 23 جولائی (اے پی پی):موٹروے سنٹرل II زون پر حالیہ بارش کے پیش نظر تمام ٹال پلازوں پر آگاہی کے لیے آفیسران اور اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔
سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل کیجانب سے ڈی ایس پی بیٹ 23 چوہدری مسرور علی سمیت تمام سیکٹر کے ڈی ایس پیز کو ہدایات جاری کر دیں گئی ہیں۔ موٹروے پر داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی دی جا رہی ہے۔ آفیسران اور اہکار موٹروے پر سفر کرنے والے ڈرائیوروں، گاڑی مالکان کو اپنے پیاروں اور سواریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے بارش سے ہونے والے ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھنے کے بارے آگاہی دے رہے ہیں۔
اس حوالے سے سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے کہا کہ بارش کی وجہ سے روڈ پر پھسلن ہو سکتی ہے لہٰذا رفتار کم رکھیں، تمام گاڑیاں محفوظ درمیانی فاصلہ رکھ کر چلائیں، موٹروے پر تیز بارش کی وجہ سے حد نگاہ متاثر ہونے پر ڈبل انڈیکیٹر کا استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ موٹروے پر آنے سے پہلے چیک کر لیں کے آیا گاڑی کے وائپر درست کام کررہے ہیں۔
ڈی ایس پی بیٹ 23 مسرور علی نے کہا کہ اگر بارش کی رفتار زیادہ ہو جائے تو سروس ایریا میں رک جائیں۔انہوں نے کہا کہ موٹروے پر کسی بھی مدد یا شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 130 یا سمارٹ فون ایپلی کیشن ہمسفر ایپ استعمال کر کے مدد لی جا سکتی ہے۔











