ملتان، 10جولائی( اےپی پی): ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا عید صفائی آپریشن پورے جوبن پر ہے۔آلائشوں کی عارضی سٹوریج پوائنٹس منتقلی برق رفتاری کے ساتھ جاری ہے اور آلائشوں کو لینڈ فل سائیٹ میں تلف کرنے کاعمل بھی تیز کردیا گیا ہے۔آج دوپہر ایک بجے تک1833 ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگا دیا گیا ہے۔
کمپنی کے ہیڈ آفس میں قائم کمپلینٹ سیل میں اب تک 241 شکایات موصول ہوئی ہیں جن میں سے 188شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے۔سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی امیرحسن صفائی آپریشن کی نگرانی میں مصروف ہیں۔انہوں نے مختلف آگاہی کیمپس کا وزٹ کیا اور ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے شہر کی تنگ گلیوں میں موٹر سائیکل پر صفائی کا جائزہ لیا۔سی ای او امیر حسن نے ورکرز میں چاکلیٹ بھی تقسیم کیں۔دوسری طرف ضلعی انتظامیہ کے افسران کی مانیٹرنگ نے آپریشن کو مزید موثر بنا دیاہے۔کمشنر عامر خٹک اور ڈپٹی کمشنر محمدطاہر وٹو نے بھی شہر کا وزٹ کیا اور آپریشن کا جائزہ لیا۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے صفائی آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا اور ورکرز کو شاباش دی ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے سینکڑوں ورکرز کو فیلڈ میں لنچ دیا گیا اور مشروب سے بھی ان کی تواضح کی گئی۔صفائی آپریشن تمام آلائشوں کے صفایا تک جاری رہے گا۔











