منصفانہ انتخابات ہی پاکستان کی بقاء کےضامن ہو سکتے ہیں ؛ وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف

12

لاہور،18جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن کے نتائج  کو  مسلم لیگ( ن) تسلیم کرتی ہے، منصفانہ انتخابات ہی پاکستان کی بقاء کےضامن ہو سکتے ہیں۔

پیر کو  یہاں   پریس کلب میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ  عمران خان کہہ رہے ہیں کہ بند کمروں میں فیصلے کئے جاتے ہیں تو کیا نوازشریف اور مریم نوازشریف کے خلاف فیصلے نہیں آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیس سال میں بے پناہ جیلیں کاٹیں، ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنایا، سی پیک دیا تو تاحیات نااہل کر دیا گیا۔

وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ جو شخص کہتا تھا کہ تین ماہ میں الیکشن ہونے چاہئیں، پنجاب اور کے پی میں اکثریت ہے،اگر عمران خان کے پی اور پنجاب میں اسمبلیاں ختم کریں اور الیکشن کااعلان کریں تو ہم بھی الیکشن کیلئے تیار ہیں،الیکشن تمام خامیوں کا مداوا اور بقا کا ضامن ہے ۔

میاں جاوید لطیف نے کہا کہ   اب نظریہ ضرورت کو دفن کرنا ہوگا، ہم نے شکست تسلیم کی، جن سے غلطیاں ہوئیں ،اس کا مداوا کرنا ناگزیر ہے اس کا ملبہ نہیں اٹھائیں گے ۔انہوں  نے کہا کہ جب حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے تو آئندہ انتخابات میں مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی۔