لاہور، 18جولائی (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ اعلی تعلیم کا فروغ مسلم لیگ ن کی حکومت کی ہمیشہ سے ترجیح رہی ہے، نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں، نوجوانوں کو بہتر تعلیم دینا اور تربیت کرنا حکومت، اساتذہ اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی کے طلبا کے وفد سے گفتگو میں کیا۔ وفد نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹیڈیز ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ عبدالواجد خان کی قیادت میں پیر کو یہاں گورنر پنجاب سے ملاقات کی ۔ وفد میں یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبرز ڈاکٹر راؤ شاہد اور ڈاکٹر عائشہ الیاس بھی شامل تھیں۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیدھے راستے اور سچائی میں دائمی کامیابی ہے، ہمیشہ مثبت اور معاشرے کی بہتری کا سوچیں۔ انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے سابق ادوار میں بہاولپور سمیت جنوپی پنجاب کی ترقی پہ خصوصی توجہ دی گئی، بہاولپور میں چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز، علامہ اقبال اوپن ہونیورسٹی کا کیمپس، ہوم اکنامکس کالج انڈسٹریل اسٹیٹ سمیت مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے جبکہ اسلامیہ ہونیورسٹی بہاولپور کی ترقی اور ترویج کرنے کے لیے خطیر فنڈز دیئے گئے، ان فنڈز سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں نئی لیبز، طلباء کے ہوسٹلز اور نئے بلاکس بنائے گئے لیکن سابق حکومت نے یہ ترقیاتی منصوبے نظر انداز کیے ۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ دوبارہ ذمہ داری ملی ہے تو بہت سے معاشی مسائل کا سامنا ہے، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی مذید بہتری کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں ہے۔











