کوئٹہ؛آئی جی بلوچستان پولیس عبدالخالق شیخ کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس کا  انعقاد

29

کوئٹہ،27جولائی  (اے پی پی):آئی جی بلوچستان پولیس عبدالخالق شیخ کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، سیکورٹی انتظامات و دیگر ضروری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں   تمام تر حفاظتی انتظامات اور سیکورٹی پلان  بارے تمام مکاتب فکر کے علما  ء کرام  اور امن کمیٹی کے ممبران سے تبادلہ خیال کیا گیا  اور  سفارشات پیش کی گئیں۔

اس موقع پر آئی جی پولیس نے کہا کہ  محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے بلوچستان پولیس کا مکمل تعاون رہے گا،تمام علما کرام کسی بھی فورم سے مذہبی دل آزاری یا مذہبی منافرت کے پھیلائو کی حوصلہ شکنی کریں۔انہوں   نے کہا کہ بلوچستان میں حالیہ بارشوں کی وجہ سے مسائل ہو سکتے ہیں، جس کے لئے ہمیں حکمت عملی سے کام لینا ہوگا، حکومت بلوچستان کی محرم الحرام کے دوران جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنائیں۔

آئی جی بلوچستان پولیس عبدالخالق شیخ نے کہا کہ ماتمی جلوسوں، مجالس اور مذہبی اجتماعات کے حفاظتی انتظامات پر کسی قسم کی کوتاہی برادشت نہیں کی جائے گی،سینٹرل پولیس آفس میں مذہبی جلوسوں کی مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم قائم کیاجائےگا ،بلوچستان پولیس اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیاں مل کر صوبہ میں امن و امان اور فول پروف سیکورٹی انتظامات کے لیے ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علما کرام اور پولیس کے باہمی تعاون سے امن و امان کے قیام اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں  کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ سمیت تمام مکاتب فکر کے علما کرام، تاجر برادری اور امن کمیٹی کے ممبران نے کی شرکت کی۔