گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی ملاقات، چیمبر کو درپیش مسائل اور ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے اقدامات پر گفتگو ہوئی

17

لاہور،28 جولائی ( اے پی پی ):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صدر چیمبر میاں نعمان کبیر کی  قیادت میں ملاقات کی۔ملاقات میں چیمبر کو درپیش مسائل اور ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے اقدامات پر گفتگو ہوئی ۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان  نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نےہمیشہ ڈلیور کیا۔ ن لیگ کے  دور حکومت میں تعلیم، صحت سمیت تمام شعبوں میں ترقی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے سابق دور حکومت میں بجلی کی کمی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے پلانٹس لگائے، اس وقت بجلی کے بحران کو حل کرنے کے ساتھ دیگر اقدامات کر کے ملک کی معیشت کو درست راہ پہ گامزن کیا۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان  نے کہا کہ تاجر برادری ٹیکس دے کر ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،تاجر برادری لاکھوں  لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرتی ہے، معیشت کا پہیہ چلتا ہے تو ملک میں ترقی کی راہ پہ گامزن ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ  ملک میں معاشی ترقی کے لیے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے، معاشی ترقی کے لیے پالیسیوں کا تسلسل بہت اہم ہے۔