اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام آل پارٹیز استحکام معیشت کانفرنس کا انعقاد

10

اسلام آباد۔16اگست  (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے نیشنل پریس کلب کے تعاون سے آل پارٹیز استحکام معیشت کانفرنس منعقد کی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال ، وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ، وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ ، وفاقی وزیر برائے غربت کے خاتمے و سماجی تحفظ شازیہ مری ، سینیٹر مشاہد حسین سید، جے یو آئی ایف کے سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری، اے این پی کے حمایت اللہ مایار اور جماعت اسلامی کے میاں محمد اسلم سمیت کراچی، کوئٹہ، فیصل آباد اور اسلام آباد ویمن چیمبرز آف کامرس کے صدور اور تاجر برادری کی بڑی تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی۔ آئی سی سی آئی کے صدر محمد شکیل منیر نے تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو کانفرنس میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اے پی سی کے انعقاد کا مقصد تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر لانا ہے تاکہ معیشت کی بحالی کے لئے اتفاق رائے کے ساتھ مستقبل کا روڈ میپ تیار کیا جا سکے۔چیئرمین فائونڈر گروپ خالد اقبال ملک ، سابق صدر آئی سی سی آئی زبیر احمد ملک ، سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس زبیر موتی والا ، فیصل آباد، کراچی، کوئٹہ اور اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس کے صدور، سابق صدر ایف پی سی سی آئی حاجی غلام علی، نائب صدر ایف پی سی سی آئی عمر خان اور دیگر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور معیشت کی بحالی کے لئے مفید تجاویز پیش کیں۔