ایف بی آر کی جانب سے اسلام آباد میں پوائنٹ آف سیل انوائسنگ پرائز سکیم پروگرام کے تحت 8ویں کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کا انعقاد

20

اسلام آباد۔15اگست  (اے پی پی):ایف بی آر کی جانب سے اسلام آباد میں پوائنٹ آف سیل انوائسنگ پرائز سکیم پروگرام کے تحت 8ویں کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کا انعقاد کردیا گیا۔ 1017 لکی ڈرا جیتنے والوں میں 54 ملین روپے تقسیم کئے گئے۔ ممبر ایڈمن ایف بی آر ڈاکٹر فیض الٰہی میمن تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر سینئر حکام اور  میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فیض الٰہی نے اس بات پر زور دیا کہ پی او ایس پرائز سکیم کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے اور مزید ریٹیلرز کو پی او ایس کے تحت لانے کے اقدام کو مزید وسعت دینے کی کوششیں جاری ہیں۔  انہوں نے مزید کہا کہ شفافیت اور انصاف اس اسکیم کی دو خصوصیات ہیں جو ہر گزرتے مہینے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس اسکیم میں حصہ لینے کی ترغیب دے رہی ہیں۔ ڈاکٹر فیض الٰہی نے امید ظاہر کی کہ یہ اسکیم اپنے منافع کی ادائیگی جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ معاشی لین دین کی ڈیجیٹلائزیشن اور کاروباری عمل کی آٹومیشن ایک مضبوط حکمت عملی کے دو اہم ستون ہیں جو ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس کی تعمیل کو زیادہ سے زیادہ کرنے، ریونیو کے رسائو کو ختم کرنے اور کاروبار کرنے میں آسانی کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور طریقے سے اپنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے حاضرین کو آگاہ کیا کہ ریٹیلرز کے پی او ایس سسٹم کے ساتھ انضمام سے متعلق مسائل پر قابو پانے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز کو ہدایات دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد کی قابل قیادت میں اور غیر متزلزل عزم اور استقامت کے ساتھ ایف بی آر رواں مالی سال 23۔2022  کے لئے مقرر کردہ محصولات کا ہدف حاصل کر لے گا۔