حالیہ سیلاب کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، اتنے تواتر سے مون سون کی بارشیں کبھی نہیں ہوئیں، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کی پریس کانفرنس

7

اسلام آباد۔31اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن نے  بدھ کو وفاقی وزیر برائے تجارت سید نوید قمر اور وزیر مملکت برائے قانون و انصاف سینیٹر شہادت اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، اتنے تواتر سے مون سون کی بارشیں کبھی نہیں ہوئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیر معمولی بارشیں اور سیلاب موسمیاتی تبدیلیوں کا نتجہ ہیں، کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی حدت سے موسمیاتی تغیرات وقوع پذیر ہو رہے ہیں، پاکستان گلوبل وارمنگ سے شدید متاثرہ ملکوں کی فہرست میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 ہفتوں سے سیلاب نے تباہ کاریاں مچا رکھی ہیں، ملک کا آدھے سے زیادہ حصہ سیلاب سے متاثر ہے، حالیہ سیلاب کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، سیلاب سے ذرائع مواصلات بھی متاثر ہوئے، سیلاب کے کھڑے پانی سے وبائی امراض پھیل رہے ہیں، سیلاب متاثرہ علاقوں میں صحت کے مسائل سامنے آ رہے ہیں۔