اٹک،13 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اٹک محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار انسداد ڈینگی مہم کی اجلاس کی صدارت کرتے ہوۓ کیا۔اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جواد الہی ،ڈی ایچ او اٹک ہیلتھ ڈاکٹر کاشف حسین اور دیگر افسران نے انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے کارکردگی کے متعلق آگاہ کیا۔انڈور اور آٶٹ ڈور ٹیموں کی کارکردگی پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی اور متعلقہ محکموں کے انڈرائڈ یوزرز کی سرگرمیوں سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرمحمد ذوالقرنین نے کہا کہ موجودہ سیزن میں بارشیں زیادہ ہو رہی ہیں اور ایسے حالات میں انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔عوام کو آگاہ کیاجاۓ کہ وہ پوری آستینوں کے کپڑے زیب تن کریں ،مچھر مار سپرے و لوش کا استعمال کریں اور اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمے عوام کو بھرپور آگاہی فراہم کریں اور اس ضمن میں ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔











