رحیم یار خان؛ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلا کر پولیو مہم کا افتتاح کر دیا

14

رحیم یار خان،20اگست(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے شیخ زید ہسپتال میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلا کر پولیو مہم کا افتتاح کر دیا ہے۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ محکمہ صحت اور ماتحت عملہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو ویکیسن پلائیں،مشترکہ کوششوں سے ہی پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ سماجی بہبود کی تنظیمیں، این جی اوز، علماء کرام، اساتذہ پولیو کے نقصانات بارے عوام کو آگہی فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ مائیکرو پلان کے تحت پولیو ویکسینیشن کے لئے مقرر کردہ ہدف کامیابی سے حاصل کئے جائیں۔

اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر حسن خان نے بتایا کہ 22تا26اگست تک جاری پولیو مہم میں 10لاکھ98ہزار پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیس سے بچاؤ کی ویکسین پلائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے لئے 4ہزار 970ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے شیخ زید ہسپتال کے ایمرجنسی، چلڈرن، آئی سی یو سمیت دیگر شعبوں کا بھی دورہ کیااور ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال اس خطہ کے مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

اس موقع پر پرنسپل شیخ زید ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سلیم لغاری نے بتایا کہ شیخ زید ہسپتال اس ضلع کے علاوہ راجن پور، سندھ، بلوچستان کے مریضوں کو بھی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال کی ایکسٹینشن پر تیزی سے کام جاری ہے،شیخ زید ہسپتال کی نئی بلڈنگ تعمیر ہونے سے مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں آسانی ہو گی۔