سکھر؛روہڑی میں ساڑھے چار سو سالہ ضریح اقدس نو ڈہالہ ضریح اقدس کربلا معلی برآمد،سیکیورٹی کے سخت انتظامات

13

سکھر،08اگست(اے پی پی):روہڑی میں یاحسینؑ کی فلک۔شگاف صداؤں کی گونج میں ساڑھے چار سوسالہ تاریخی ضریح اقدس نوڈہالہ ضریح اقدس کربلا معلی کا ماتمی جلوس اتوار کی درمیانی شب چار بجے شہر کی بجلی بند کرکے  شمع گل کرنے کے بعد ادارہ محفل شاہ عراق کربلا سے شروع ہوا جس میں ملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عزاداروں  نے شرکت کی۔جلوس کے دوران ضریح اقدس کو پرسہ دینے کی کوشش کے دوران چار عزادار دم گھٹنے اور زخمی ہونے کے بعد موقع پر ہی چل بسے جبکہ بڑی تعداد میں عزادار زخمی و بے ہوش ہوگئے جن میں متعدد زخمیوں کو فوری طور پر تعلقہ اسپتال لے جایا گیا جہاں پرکئی زخمیوں کی  حالت نازک ہے جبکہ بے ہوش ہونے والے عزاداروں کو موقع پر جگہ جگہ لگے مختلف اسکاؤٹس ورضاکار تنظیموں کے کیمپوں میں فوری طبی امداد دی گئی۔

ضریح اقدس کا جلوس جو ادارہ محفل شاہ عراق کربلا سے شروع ہوا کربلا۔میدان ،گانگوٹی گراؤند ،کارواں کربلا روڈ اور سینما روڈ سے ہوتا ہوا منڈو کھبڑ کے مقام پر پہنچ کر اس کا پہلا پڑاؤ مکمل ہوا،منڈو کھبڑ کے مقام سے ضریح اقدس کے اس جلوس کا دوسرا پڑاؤ شروع ہوگا جو مختلف روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا میدان پہنچ کر مکمل ہوگا ،ضریح اقدس کے کلوس کے موقع پر روہڑی شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں شہر کے تمام راستے اور گلیاں و محلےسیل کردیئے گئے ہیں اور روہڑی اور گردونواح میں موبائل سروس کو بند رکھا گیا ہے جبکہ پولیس و رینجرز کے 15 سو سے زائد جوان و افسران سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے۔

اس ضریح اقدس کےماتمی جلوس کے تین پڑاؤ ہوتے ہیں پہلا پڑاؤ محفل ادارہ شاہ عراق کربلا سے 8 اور 9 محرم کی درمیانی شب پورے شہر کی بجلی بند کر کے شروع ہوتاہے اور منڈو کھبڑ کے مقام پر مکمل ہوتا ہے جبکہ دوسرا پڑاؤ منڈو کھبڑ سے دن کے وقت شروع ہوتاہے جو کربلا میدان پہنچ کر اختتام پذیرہوتا ہے جبکہ اس کا تیسرا پڑاؤ 10 محرم کو دن کےوقت شروع ہوتا ہے اور روہڑی ریلوے اسٹیشن کے قریب شہداء کے قبرستان میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوتا ہے۔