سیاحوں کی مری آمد، پولیس کے 250 سے زائد اہلکار ٹریفک کی روانی کو احسن طریقے سے برقرار رکھے ہوئے ہیں

2

مری، 08 اگست (اے پی پی): لانگ ویک اینڈ  کے باعث سیاحوں کی مری آمد،ٹریفک و ٹورازم پولیس کے 250 سے زائد اہلکار ٹریفک کی روانی کو احسن طریقے سے برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری کے احکامات پر سی ٹی او نوید ارشاد مری میں تمام انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق مری میں ابتک سیاحوں کی 7100سے زائد گاڑیاں داخل ہو چکی ہیں ۔

سی ٹی او نوید ارشاد نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے احکامات کے پیش نظر مری میں آٹھ ہزار سے زائد گاڑیوں کے داخلہ پر مکمل پابندی ہے،ضلعی انتظامیہ کے احکامات پر عملدر آمد کروانے کے لئے تمام داخلی راستوں پر خصوصی پکٹس قائم کی گئی ہیں۔

انہوں نے سیاحوں سے اپیل کی  کہ تنگ اور دو طرفہ سڑکوں کے باعث سیاح حضرات ڈبل لائن بنانے سے گریز کریں اورٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی کے لیے گاڑی کو سنگل لائن میں پارک کریں  اور کہا ٹریفک صورتحال کے متعلق FM.88.6اور سوشل میڈیا پیجز پر لمحہ با لمحہ آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ سیاح حضرات کسی قسم کی مدد اور رہنمائی کے لیے 0519269200 اور 15پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

سی ٹی او نوید ارشاد نے کہا  کہ مری میں دھند اور بارش کے باعث سیاح حضرات احتیاط سے ڈرائیونگ کریں،دور دراز سے آنے والے سیاح پریشانی سے بچنے کے لئے رش کی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے مری کا سفر کریں۔