پاکستان اور ایران کا باہمی تعاون بڑھانے اور پاکستانی زائرین کی آمد و رفت مزید مربوط اور آسان بنانے کے لیے کئی اقدامات اٹھانے پر اتفاق

4

چاغی ،17 اگست (اے پی پی ): پاکستان اور ایران نے سرحد امور کے متعلق باہمی تعاون بڑھانے اور پاکستانی زائرین کی آمد و رفت مزید مربوط اور آسان بنانے کے لیے کئی اقدامات اٹھانے پر اتفاق کرلیا ہے۔

چاغی میں تفتان سرحد پر منعقد دونوں ممالک کی حکام کے مشترکہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت ڈپٹی کمشنر چاغی انعام الحق جبکہ ایرانی وفد کی قیادت ضلع میرجاواہ کے مرزبان درجہ اول  ابو افضل نظری نے کی۔

پاک ایران حکام کے مشترکہ اجلاس میں جہاں مختلف سرحدی امور پر دونوں ممالک کے حکام نے طویل گفتگو کی وہیں پاکستانی حکام نے تفتان کے علاقے تالاب کے مقام پر نئی سرحدی گزرگاہ کھولنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

جواب میں ایرانی حکام نے متعلقہ حکام سے اجازت کے بعد پاکستان کو مطلع کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ مشترکہ اجلاس میں پاکستانی زائرین کو مزید سہولیات دینے پر بھی تبادلہ خیال کرکے ان کی ایران آمد و رفت مزید مربوط اور آسان بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

 مشترکہ اجلاس میں سرحدی پلرز کے سالانہ معائنے پر بھی تبادلہ خیال کرکے اس سلسلے میں شیڈول کے تبادلے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں دونوں ممالک کے حکام نے مشترکہ سرحدی امور کے متعلق تعاون بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ اور دہشت گردی کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔