طالبات وخواتین مستقل مزاجی سے کام کریں گی تو قدم قدم پر کامیابی ان کا مقدر ہو گی؛گورنر پنجاب

27

فیصل آباد، 26 اپریل (اے پی پی):گورنر پنجاب و چانسلر گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی فیصل آباد انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملک کواپنی نوجوان نسل اور خصوصاً طالبات وخواتین سے بڑی توقعات اور امیدیں وابستہ ہیں کیونکہ یہ ملکی آبادی کا نصف سے بھی زائد حصہ ہیں لہٰذاان کا امپاور ہونا کسی بھی ملک کی ترقی اور خوش بختی کی علامت ہے ۔

وہ جمعہ کے روز جی سی وومن یونیورسٹی فیصل آباد کے چوتھے کانووکیشن کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے جس میں پی ایچ ڈی ڈگری سیشنز2014-17،2017-20،2018-21،2019-22کی10،ایم ایس و ایم فل ڈگری سیشن2019-21 (فوڈ اینڈ نیوٹریشن)۱ور23۔ 2021کی142،ایم اے،ایم ایس سی کی296،اے ڈی پی،بی ایڈ(1.5)سیشن 2022۔23کی54 اوربی ایس ڈگری پروگرامزسیشن2019-23 کی فارغ التحصیل2966 طالبات سمیت کل3560 طالبات کو ڈگریوں سے نوازاگیاجبکہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمایاں پوزیشن حاصل کرنےوالی 43گریجوایٹس کو گولڈ میڈلز،51کو سلور میڈلز اور83کو براؤنز میڈلز بھی عطا کئے گئے۔

گورنر پنجاب نے ڈگریاں حاصل کرنےوالی طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کامیابی سب کی کامیابی ہے جس کیلئے آپ کوبہت مبارک اور ان کی دعا ہے کہ آنےوالی زندگی میں اللہ تعالیٰ ہر میدان میں آپ کی مدد کرے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن طالبات کیلئے باعث مسرت اور کامیابیوں سے بھر پور ہے لیکن اس موقع پر انہیں اس عزم کا بھی اعادہ کرنا ہوگا کہ ڈگریاں حاصل کرنیوالی طالبات اپنے منفرد تحقیقی ذہن کے ذریعے ادارے، اساتذہ اور ڈگری کے وقار میں اضافہ کریں گی۔

انجینئر محمدبلیغ الرحمن نے کہا کہ ہم والدین کی جتنی بھی تابعداری کرلیں ان کے احسان کا شکر ادا نہیں کرسکتے جبکہ اساتذہ بھی والدین کا درجہ رکھتے ہیں اسی لئے قرآن پاک میں کہا گیا ہے کہ شکر ادا کرو میں تمہیں زیادہ دوں گا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی شخص کی زندگی مکمل نہیں ہوتی،ہم دنیا میں تنہا آتے ہیں اور اللہ تعالی مختلف حیلوں وسیلوں سے ہمیں اپنی نعمتوں سے نوازتاچلاجاتاہے لیکن جو شکرادا کرتے ہیں وہ ذہنی طور پر توانا رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسان اللہ تعالی کی نعمتوں کا شکر اداکرتے کرتے ساری زندگی گزار دے تب بھی کم ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کا معاشرہ خدمت کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے جس کی بہترین مثال عبدالستارایدھی کی ہے۔

اخوت فاؤنڈیشن کی مثال دیتے ہوئے انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ وہ اربوں روپیہ ضرورت مند لوگوں کو قرضہ حسنہ دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم  نے فرمایاکہ تعلیم حاصل کرو ماں کی گود سے لیکر لحد تک،اس لئے تعلیم فرض ہے اور آپ نے تعلیم حاصل کرتے رہنا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیڈر دوسروں کی بہتری چاہتے ہیں اس لئے عملی زندگی میں آپ بھی اپنے ماتحتوں کی عزت کریں اورسچائی کا دامن کسی صورت میں نہ چھوڑیں کیونکہ جھوٹ سے کبھی دیرپا کامیابی نہیں مل سکتی نیزتربیت بھی بہت ضروری ہے کیونکہ تربیت کے بغیر خالی تعلیم کا کوئی فائدہ نہیں۔

قبل ازیں وائس چانسلر جی سی وومن یونیورسٹی فیصل آبادپروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے یونیورسٹی کی شاندار کارکردگی کا تفصیلی احاطہ کیا۔

 اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نازلی، کنٹرولر امتحانات جی سی وومن یونیورسٹی فیصل آبادرضوانہ تنویر رندھاوا،تمام فیکلٹیز کی ڈینز، شعبہ جات کی سربراہان،فیکلٹی ممبران، وائس چانسلرجی سی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسرناصر امین،سابق صدرفیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں محمد ادریس،پارلیمنٹیرینز،سیاسی و سماجی شخصیات،طالبات اور ان کے والدین کی بڑی تعدادبھی موجودتھی۔

تقریب کے اختتام پر گورنر نے فارغ التحصیل طالبات کو ڈگریاں اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں میڈلز تقسیم کئے۔ کانووکیشن سے قبل گورنر پنجاب انجینئرمحمد بلیغ الرحمن نے یونیورسٹی میں پودا بھی لگایا۔