اسلام آباد، 08 اگست (اے پی پی ): کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں جیولین تھرو ایونٹ کی سب سے لمبی تھرو پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پھینکی اور ارشد ندیم نے جیولین تھرو کے فائنل میں گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ارشد ندیم کو عمدہ کارکردگی پر مبارکباد دی ۔
ایونٹ کے فائنل میں پاکستانی ایتھلیٹ نے کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں سب سے لمبی تھرو کا ریکارڈ قائم کیا۔جیولین تھرو ایونٹ میں ارشد ندیم کے مدمقابل عالمی چیمپئن سمیت 16 کھلاڑی تھے۔ارشد ندیم نے اولمپکس میں بھارت کے نیرج چوپڑا کی تھرو 87.58 (گولڈ میڈل) اور ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی 88.13 تھرو کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پہلی تھرو 86.81 میٹر پھینکی جبکہ عالمی چیمپئن اینڈریسن ہیٹرس نے پہلی تھرو 82.30 میٹر پھینکی۔ارشد ندیم نے دوسری تھرو فاول جبکہ تیسری تھرو 88میٹر پھینکی اور اپنا ریکارڈ توڑ دیا۔واضح رہے کہ پاکستانی ایتھلیٹ میں اُن کا ذاتی ریکارڈ86.38 میٹر تھرو تھا۔
ارشد ندیم نے چوتھی تھرو 85.9 میٹر پھینکی جبکہ پانچویں باری میں ورلڈ چیمپئن پیٹرس نے 88.64 میٹر تھرو پھینکی اور پھر ارشد ندیم نے 90.18 تھرو پھینکی۔ انتظامیہ نے نتیجہ دیکھنے کے بعد ارشد ندیم کو جیولین تھرو ایونٹ کا گولڈ میڈلسٹ قرار دیا جبکہ سابق عالمی چیمپئن سلور میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے ایک سو تین رکنی دستے نے کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کر رہی ہے ۔ پاکستان اب تک 2 گولڈ، تین سلور اور دو برانز میڈل جیت چکا ہے۔ گزشتہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے پانچ میڈلز حاصل کیے تھے۔نوح دستگیر بٹ نے ویٹ لفٹنگ میں پہلا گولڈ میڈل جبکہ ارشد ندیم نے جیولن تھرو میں ریکارڈ بنا کر گولڈ میڈل حاصل کیا۔











