بینظیر کفالت پروگرام کے آغاز سے اب تک 7.9 ملین مستفیدین میں 1.309 ٹریلین روپے تقسیم کیے گئے ہیں ؛ وفاقی وزیر شازیہ مری

3

اسلام آباد،16ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ / چیئرپرسن بینظیر  انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی ) شازیہ مری نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی معاشرے کے غریب اورپسماندہ  طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے  سب سے کامیاب سماجی تحفظ کا پروگرام ہے،  ملک بھر میں حالیہ سیلابوں میں بی آئی ایس پی نے سیلاب سے متاثرہ 946,967 خاندانوں میں  27,645 ملین روپے تقسیم کئے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں عالمی بینک کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات کے دوران وفد کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ بینظیر  کفالت پروگرام کے آغاز کے بعد سے اب تک 7.9 ملین مستفیدین میں 1.309 ٹریلین روپے تقسیم کیے گئے ہیں۔ بینظیر تعلیمی وظائف کے تحت 8.04 ملین بچوں کو 40 ارب روپے تقسیم کیے گئے ہیں۔ 92003 بینظیر  انڈر گریجویٹ اسکالرشپس کے لیے 20.5 بلین روپے تقسیم کئے گئے اوربینظیر نشوونما پروگرام کے تحت 196,989 مستحقین کو 833 ملین روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔

وفاقی وزیر  شازیہ مری نے کہا کہ اس وقت بینظیر  نشوونما پروگرام 29 اضلاع میں کام کر رہا ہے اورملک کے دیگر اضلاع میں مزید سہولتی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ حاملہ، دودھ پلانے والی خواتین اور ان کے 2 سال سے کم عمر کے بچوں میں اسٹنٹنگ  کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔انہوں  نے پاکستان میں سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ترقیاتی شراکت دار کے طور پر عالمی بینک کے کردار کوبے حد سراہا، عالمی بینک سماجی تحفظ کے نیٹ ورک میں اہم کردار ادا کرتا رہا  ہے ،عالمی بینک نے پاکستان کی صحت اور تعلیم سے متعلق نقد مالی معاونت کے پروگراموں پر توجہ مرکوز کرکے انسانی سرمائے کی ترقی میں بھی مدد کی ہے۔

 وفاقی وزیر  شازیہ مری نے مزید کہا کہ ہمیں صوبوں اور وفاق کی اکائیوں کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ہم ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو امداد فراہم کرنے میں کسی کو پیچھے نہیں چھوڑ رہے ہیں۔

عالمی بینک کے نمائندگان  نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بی آئی ایس پی کی کاوشوں کو سراہا اور بینظیر نشوونما جیسے پروگراموں میں عالمی بینک کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 وفد نے بی آئی ایس پی کو قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری کو اپ ڈیٹ کرنے پر مبارکباد بھی دی۔ وفد میں ہیومن ڈویلپمنٹ ساؤتھ ایشیا ریجن کی ریجنل ڈائریکٹر محترمہ لین شیربرن بینز، پریکٹس منیجر، سوشل پروٹیکشن اینڈ جابس مسٹر سٹیفانو پیٹرنسٹرو، پریکٹس لیڈر ہیومن ڈویلپمنٹ مسٹر لائر ایرساڈو اور سینئر سماجی تحفظ کے ماہر مسٹر امجد ظفر خان شامل تھے۔